ماضی میں وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کی بدولت جنوبی پنجاب ترقی کے

  • وزیراعظم عمران خان نے عوام سے کیا وعدہ پورا کر دیا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مالی و انتظامی معاملات سمیت مکمل فعال کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مالی و انتظامی معاملات سمیت مکمل فعال ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

     

    جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کی بدولت جنوبی پنجاب ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گیا۔انہوں نے کہا کہ جوبی پنجاب کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پرجلد اجلاس کی صدارت کروں گا۔ پاکستان میں خوشحالی اور معاشی ترقی قانون کے اطلاق سے ہی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔

     

     
     
     
     

     

     

    وزیراعظم نے جنوبی پنجاب سےتعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم سے ملاقات میں جنوبی پنجاب میں عوامی فلاحی منصوبوں اور جنوبی پنجاب سیکرٹیریٹ کے قیام پر گفتگو ہوئی۔ ممبران نے سیوریج سمیت دیگربڑے ترق?اتی منصوبوں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر خسروبختیار، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت، ممبران قومی اسمبلی میں فاروق اعظم، رانا قاسم نون، سردارنصراللہ دریشک، طاہراقبال، عبدالغفار وٹو، میاں شفیق آرائیں اور عامرطلال گوپانگ شامل تھے۔

     

    دوسری جانب ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ڈاکٹر ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مالی و انتظامی معاملات سمیت مکمل فعال کر دیاگیاہے، آئندہ بجٹ کیلئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے امید ہے کہ جنوبی پنجاب کیلئے تیس فیصد سے زائد بجٹ مختص ہو گا اور یہ صرف انہی علاقوں کی ترقی پر خرچ کیاجائے گا، فنڈز اور دیگر معاملات کی شفافیت کیلئے محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

     

    انہوں نے یہ با ت کمشنر آفس ڈیرہ غازیخان میں محکمانہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام سیکرٹریز کو بااختیار بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے تمام سیکرٹریز سمیت متعلقہ افسران کو ڈیرہ غازیخان بلانے کا مقصد علاقہ کی تعمیر وترقی پر توجہ دینا ہے، ڈیرہ غازیخان جنوبی پنجاب کا اہم ڈویڑن ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار خود اس علاقہ کی ترقی کو فوکس کر رہے ہیں۔

     

    انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے گیارہ اضلاع میں کورونا ایس او پیز، احترام رمضان آرڈیننس، پرائس کنٹرول ایکٹ، گندم خریداری، رمضان بازار اور دیگر معاملات میں افسران کی عدم دلچسپی برداشت نہیں کی جائے گی تمام معاملات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، مقامی مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کیا جائے گا۔ قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کمشنر آفس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں پر نظر رکھیں، مٹیریل کے معیار اور مدت تکمیل پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔